لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی شعیب ملک بیٹے کی طبیعت خراب ہونے کے باعث آج ڈھاکہ سے دبئی روانہ ہو جائیں گے جس کے باعث تیسرے ٹی 20 میچ کیلئے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شعیب ملک مقامی وقت کے مطابق صبح 10 بجے ڈھاکہ سے دبئی روانہ ہوجائیں گے جبکہ قومی ٹی 20 سکواڈ کل شام ساڑھے چھ بجے ڈھاکہ سے بذریعہ دبئی وطن واپس روانہ ہوگا۔قومی ٹیم کے سپنرز عماد وسیم اور عثمان قادر کچھ روز دبئی میں اہل خانہ کے ہمراہ قیام کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہوں گے۔
علاوہ ازیں قومی ٹیسٹ سکواڈ کل دوپہر 3 بجے ڈھاکہ سے چٹاگانگ روانہ ہو گا، باؤلنگ کنسلٹنٹ ویرنون فیلنڈر پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد قومی سکواڈ سے علیحدہ ہوجائیں گے اور یکم دسمبر کو جنوبی افریقہ روانہ ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین پہلا ٹیسٹ میچ 26 نومبر سے چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 دسمبر سے ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔