نارووال: معروف بزرگ سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر چوہدری انور عزیز انتقال کر گئے۔ چوہدری انورعزیز رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر رہے ہیں اور وہ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز کے والد تھے۔ چوہدری انور عزیز 1931 میں پیدا ہوئے اور ان کا آبائی حلقہ ضلع ناروال کی تحصیل شکر گڑھ تھی۔
انہوں نے 1948 کے اولمپکس میں پاکستان کی جانب سے سوئمنگ کے مقابلے میں حصہ لیا۔ وہ شکر گڑھ سے متعدد مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے اور 1985 میں انھوں نے خواجہ آصف کے والد خواجہ صفدر کو قومی اسمبلی کی اسپیکر شپ سے ہرانے میں کلیدی کردار ادا کیا ۔
چوہدری انور کے صاحبزادے دانیال عزیز بھی تین مرتبہ ان کی سیٹ سے ایم این اے منتخب ہوئے جب کہ اب ان کی بہو مہناز عزیز شکر گڑھ سے ایم این اے ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل سابق وزیرِ اعظم نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر آج انتقال کر گئی ہیں اور ان کی عمر 93 برس تھی۔
بیگم شمیم اختر ضعیف العمری اور طویل عرصے سے بیمار تھیں۔ شریف خاندان کی جانب سے ان کی میت کو پاکستان لانے کے حوالے سے انتظامات کئے جا رہے ہیں۔