وزیر اعظم اور سیاسی رہنماوں کا شمیم اختر کی وفات پر اظہار افسوس

PM Imran Khan, Political leaders, sorrow, death, Nawaz Sharif, Shahbaz Sharif, mother
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان اور وزرا کے علاوہ اپوزیشن رہنماؤں نے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو، سابق صدر آصف زرداری نے اپنے پیغام میں نواز شریف اور شہباز شریف سے تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، جے یو آئی ف کے امیر مولانا فضل الرحمان، امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے بھی نواز شریف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، سیاسی رہنماوں نے مرحومہ کی مغفرت اور بلندی درجات کیلئے دعا بھی کی۔

وزیر اعظم عمران خان نے شمیم اختر کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔ جبکہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم نواز شریف اور شہباز شریف کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی والدہ کے درجات بلند فرمائے ، اللہ کریم شریف فیملی کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدہ سے بڑھ کر دنیا میں اور کوئی نعمت نہیں ہے۔ والدہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے بندے کیلئے حسین تحفہ ہے۔

واضح رہے کہ شیخ رشید، عبدالعلیم خان، راجا ظفر الحق، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ، کنوینر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی اور مصطفیٰ کمال سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نواز شریف کی والدہ کی طبیعت گزشتہ ایک ماہ سے خراب تھی اور لندن میں اُن کا علاج بھی جاری تھا لیکن وہ صحتیاب نہ ہو سکیں، ان کا انتقال ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں ہوا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بیگم شمیم اختر کی نماز جنازہ لندن میں بھی ادا ہوگی لیکن اُن کی تدفین پاکستان میں کی جائے گی، تاہم نواز شریف کے میت کے ساتھ پاکستان آنے کا کوئی امکان نہیں۔