واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ٹرمپ جونئیر بھی وبائی مرض کی لپیٹ میں آ چکے ہیں، ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، ان کی اہلیہ ملانیا ٹرمپ اور ان کے چھوٹے بیٹے کو بھی کورونا نے جکڑ لیا تھا لیکن احتیاطی تدابیر اختیار کرتے اور ڈاکٹرز کی ہدایت کے مطابق عمل سے وہ جلد ہی اس مرض سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔ امریکی صدر نے اپنے ٹویٹر کے ذریعے اپنے بیٹے ٹرمپ جونئیر کی طبعیت بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔
ادھر دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ سے تجاوز جبکہ دنیا بھر میں ہلاکتیں 13 لاکھ 85 ہزار ہو گئی ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق کورونا میں مبتلا اب تک 4 کروڑ 4 لاکھ 35 ہزار سے زائد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز امریکا میں صرف ایک دن کے اندر دو لاکھ کے قریب کورونا وائرس کے کیس رپورٹ ہوئے تھے۔ اس وقت کیلی فورنیا اور ٹیکساس کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔
گزشتہ سال سے اس مرض کا توڑ کرنے میں مصروف ادویہ ساز اداروں نے کورونا ویکیسن تیار کر لی ہے، اس سلسلے میں امریکی کمپنی فائزر کو بڑی کامیابی نصیب ہوئی۔ کمپنی کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اس کی ویکسین کے 95 فیصد رزلٹ ہے۔ خیال رہے کہ فائزر نے ایک جرمن کمپنی کے اشتراک سے یہ دوا تیار کی ہے۔
ادھر امریکا اور روس کی کمپنیوں نے بھی کورونا ویکیسن بنانے کا دعویٰ کر دیا ہے۔ ان ادویات کے ٹرائل کے بھی خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ پاکستان نے کورونا ویکیسن بنتے ہی اس کے حصول کیلئے کوششیں شروع کر دی ہیں اور اس کیلئے ایک خطیر رقم مختص کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ویکیسن کے حصول کیلئے مختلف کمپنیوں سے بات چیت جاری ہے۔ ویکیسن کی قیمت جتنی بھی ہو، اسے عوام کو مفت فراہم کیا جائے گا۔