اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ (ن) لیگ چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کرے۔معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ (ن) لیگ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کو دھمکیاں دینا بند کرے، لٹیرا لیگ احسن انداز میں جھوٹ کا اقبال بلند کر رہی ہے۔ آپ کی قیادت کے تمام اکاؤنٹس ہی بیرون ملک ہیں، کاروباراورعلاج بھی فارن میں ہے اور پاناما کی کرپشن اور کالی کمائی کے انبار قوم نہیں بھولی۔
معاون خصوصی نے کہا عدالتی سزایافتہ کو معصوم ثابت کرنے کے لئے عمران خان کی امانت ودیانت پر انگلی اٹھا کر احسن اقبال گنہگار ہورہے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو سیاسی دھمکیاں دینا بند کریں، سپریم کورٹ پرآپ نے حملہ کیا اور بریف کیسوں کی چمک آپ دکھاتے رہے، آج نئے بھیس میں پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں، احسن صاحب آپ جس مشن ٹوئنٹی 20 پر ہیں وہ پورا نہیں ہونے والا، عمران خان 2018 میں پانچ سالہ سیریزجیت چکے ہیں۔