ایم کیو ایم لندن کے 3 ٹارگٹ کلرز گرفتار، 60 سے زائد قتل کی وارداتوں کا اعتراف

09:54 PM, 22 Nov, 2018

کراچی :سندھ پولیس نے شہرِ قائد کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا جنہوں نے 60 سے زائد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کیا۔محکمہ پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ایم کیو ایم لندن پر پابندی عائد ہونے کے بعد تینوں ملزمان شاہ لطیف ٹاؤن میں روپوش تھے جنہیں آج دوپہر کارروائی کر کے گرفتار کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت احمر عرف مون، افتخار عرف ملا، محمد کلام ولد عبد العزیز کے ناموں سے ہوئی جنہوں نے قتل کی متعدد وارداتوں کے انکشافات کیے۔حراست میں لیے جانے والے تینوں افراد سرکاری محکموں میں ملازمت کرتے ہیں جنہوں نے دورانِ تفتیش 60 سے زائد پولیس افسران، اہلکاروں اور مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے کارکنوں کے قتل کا اعتراف کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم احمر انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں بطور ٹیلی فون آپریٹر ملازمت کرتا تھا جس نے 60 سے زائد ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کیا۔حراست میں لیا جانے والا دوسرا ملزم افتخار عرف ملا ہے جو منسٹری آف لیبر میں 16 گریڈ کا ملازم اور اسسٹنٹ سپروائزر کے عہدے پر کام کررہا ہے، ملزم نے 16 ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کیا جبکہ ملزم محمد کلام ولد عبدالعزیز واٹر بورڈ کا ملازم ہے جس نے 12 قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا۔

پولیس حکام کے مطابق تینوں ملزمان کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں 20 سے زائد مقدمات درج ہیں۔

مزیدخبریں