نئی دہلی : وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے کرتارپوربارڈر کھولنے پر پاکستان کی تجویز کی توثیق کردی، کرتارپور بارڈر کھلنا دونوں ممالک کی امن پسند لابی کی فتح ہے.
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ٹوئٹ میں کہا کہ کرتارپور بارڈر کھلنا دونوں ممالک کی امن پسند لابی کی فتح ہے، بھارتی کابینہ نے کرتارپوربارڈر پرپاکستان کی تجویز کی توثیق کردی، یہ درست سمت میں قدم ہے، توقع ہے ایسے اقدامات سے سرحد کی دونوں جانب متوازن آوازوں کی حوصلہ افزائی ہوگی۔
اس سے قبل بھارت کے دفترخارجہ نے نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کو خط لکھ کر کرتارپور کوریڈور کھولنے پر شکریہ ادا کیا، سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت کا کہنا تھا کرتارپورسے متعلق پاکستان کا موقف خوش آئند ہے۔دوسری جانب بھارت کی کابینہ نے کرتارپور بارڈر تک کوریڈورکی تعمیر کی منظوری دے دی ہے ، بھارتی میڈیا کے مطابق کوریڈور گورداسپور میں ڈیرہ بابا نانک سے بین الاقوامی بارڈرتک بنائی جائے گی۔
بابا گرونانک کے 549 ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے 1600 سکھ یاتری واہگہ ریلوے اسٹیشن پہنچ گئے، سکھ یاتری پاکستان میں دس روز تک قیام کریں گے۔