حکومت نے ملک کو مہنگائی کی سونامی میں ڈبودیا،عمران خان پیٹرول و مہنگائی پر یو ٹرن لیں:بلاول بھٹو زرداری

03:01 PM, 22 Nov, 2018

چلاس: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت نے ملک کومہنگائی کی سونامی میں ڈبو دیا ہے، پاکستان میں عوام مسائل کا حل چاہتے ہیں، عمران خان مہنگائی پر یو ٹرن لیں، پیٹرول پر یو ٹرن لیں، مہنگی بجلی پریوٹرن لیں، اگرایسا نہ ہوا تو امپائر بھی آپ کو نہیں بچا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق گلگت میں پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ان کا گلگت بلتستان سے رشتہ 3 نسلوں سے قائم ہے۔ آج بھی یہاں پیپلز پارٹی کے جیالے موجود ہیں، پیپلز پارٹی نے یہاں کے عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی یہاں کے مسائل قومی سطح پر اجاگر کریں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی مخالفین کو دباؤ میں لانا چاہتے ہیں تاکہ ان کی مخالفت نہ کی جاسکے، حکومت نے کرپشن کے خاتمے کیلئے کچھ نہیں کیا، جو کچھ ہورہا ہے وہ انتقامی سیاست ہے، اگر کرپشن کو ختم کرنا ہے تو بلا امتیاز احتساب کیا جائے۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان کمزور اور عدم تحفظ کا شکار ہیں جب کہ خارجہ پالیسی کو غیر پیشہ ورانہ انداز سے چلانا انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعظم بیرون ملک سیاسی مخالفین کے خلاف بیانات دیتے ہیں، عمران خان نے چوری کے ووٹوں اور غیر جمہوری طاقتوں سے مل کر حکومت بنائی جب کہ پیپلز پارٹی نے ضیا الحق اور دیگر کا مقابلہ کیا اب اس کٹھ پتلی کا بھی مقابلہ کریں گے۔

مزیدخبریں