امریکہ چین اور پاکستان سے لڑنے افغانستان میں آیا ہے: مشاہد حسین

11:29 PM, 22 Nov, 2017

نیوویب ڈیسک

استنبول: استنبول میں ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر علی لاریجانی اور پاکستان سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید کے درمیان اہم ملاقات ہوئی.

تسنیم خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان سینٹ کی قائمہ کمیٹی دفاع کے چیئرمین مشاہد حسین سید نے اسلامی جمہوری ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی سے خطے کی تازہ ترین صورتحال سمیت شام اور عراق پر تبادلہ خیال کیا، مشاہد حسین سید نے ملاقات کے دوران کہا کہ خطے میں سیاسی عدم استحکام خاص کر شام، یمن، عراق اور لبنان میں سیاسی بحران کی وجہ سے اسرائیل غلط فائدہ اٹھا رہا ہے۔

مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ امریکہ افغانستان میں داعشی دہشت گردوں کے خلاف لڑنے کے لئے نہیں آیا  بلکہ ان کا مقصد چین اور پاکستان کے ساتھ مقابلہ کرنا ہے۔ افغانستان میں امریکی پالیسی ناکام ہوچکی ہے وہ افغانستان سمیت کسی بھی ملک پر کنٹرول نہیں کر سکتا۔ علی لاریجانی نے کہا کہ خطے کے سیاسی بحران کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل پاک فوج کے سپہ سالار نے اسلامی جمہوریہ ایران کا تین روزہ دورہ کرکے اہم امور پر ایرانی حکام سے تبادلہ خیال کیا تھا۔

مزیدخبریں