ممبئی: رشی کپور کے بعد بالی و وڈ کی ممتاز فلمسازو کوریو گرافر فرح خان نے پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ میں ایک دن ضرور پاکستان آنا چاہوں گی'۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فرح خان نے حال ہی میں دبئی میں بھارتی ٹینس سٹار اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا کے فیشن برانڈ 'دی لیبل بازار' کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی جہاں انہوں نے ایک پاکستانی فیشن میگزین کو انٹرویو دیا۔انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ پاکستان اور بھارت کی فلم انڈسٹری کے حوالے سے کچھ کہنا چاہیں گی؟ جس پر ان کا کہنا تھا کہ 'مجھے پاکستان آنے کا بے حد شوق ہے، میں جانتی ہوں کہ وہاں بہت سارے لوگ ہیں جو مجھے پسند کرتے ہیں اور میرے کام کو سراہتے ہیں، میں ایک دن ضرور پاکستان آنا چاہوں گی'۔
فرح خان کی فلموں کو بھارت سمیت پاکستان میں بھی خوب پذیرائی ملتی ہے، ان کی چند مشہور فلموں میں 'اوم شانتی اوم'، 'میں ہوں نا' اور 'ہیپی نیو ایئر' شامل ہیں۔اس سے قبل بالی وڈ اداکار رشی کپور بھی پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔