ایوانکا ٹرمپ کادورہ بھارت خفیہ رکھا جائے گا،امریکا

09:17 AM, 22 Nov, 2017

آج تک کی بڑی خبر،امریکی صدر کی بیٹی ایوانکا ٹرمپ کا دورہ بھارت خفیہ رکھا جائے گا

نئی دہلی: امریکی حکام نے بھارتی حکام سے درخواست کی ہے کہ رواں ماہ کے آخر میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور وائیٹ ہاؤس کی مشیر ایوانکا ٹرمپ کے دورے کو انتہائی خفیہ رکھا جائے۔ساتھ ہی امریکی حکام نے بھارتی عہدیداروں کو خبردار بھی کردیا کہ اگر ایوانکا ٹرمپ کے دورے کی معلومات عام کی گئیں، اور ان کی سیکیورٹی کے مسائل ہوئے تو ان کا دورہ ملتوی بھی کیا جاسکتا ہے۔

خیال رہے کہ ایوانکا ٹرمپ رواں ماہ 28 نومبر سے بھارتی شہر حیدرآباد دکن میں ہونے والی ’گلوبل انٹرپرینرشپ سمٹ’ (جی ای ٹی) میں شرکت کے لیے ہندوستان کا دورہ کریں گی۔جی ای ٹی کانفرنس حیدرآباد دکن کے انٹرنیشنل کنوینشن سینٹر (ایچ آئی سی سی) میں ہوگی، جس میں کم سے کم 1200 افراد شرکت کریں گے۔


ایوانکا ٹرمپ امریکی وفد کی سربراہی کریں گی، جب کہ وہ کانفرنس میں خواتین کی خودمختاری، ان کی کاروبار میں اہمیت سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو بھی کریں گی۔رواں برس ہونے والی جی ای ٹی کانفرنس کی تھیم ’سب سے پہلے خواتین، خوشحالی سب کے لیے‘ رکھی گئی ہے، تھیم کو نظر میں رکھتے ہوئے کانفرنس میں کاروبار، سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں خواتین کی اہمیت و حیثیت پر بات کی جائے گی۔


سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کامرس نے واضح کیا کہ جب ریاستی حکومت نے امریکی حکام سے رابطہ کیا کہ ایوانکا کس وقت ایئرپورٹ آئے گی اور اسے خوش آمدید کہنے کے لیے کب جایا جائے تو امریکی عہدیداروں نے اس حوالے سے کوئی بھی واضح معلوما دینے سے گریز کیا۔

ان کے مطابق امریکی حکام کا کہنا تھا کہ انہیں ایوانکا ٹرمپ کے دورے سے متعلق زیادہ معلومات بتانے کی ضرورت نہیں۔تاہم انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ وہ جی ای ٹی کی افتتاحی تقریب میں موجود ہوں گی، جس میں بھارتی وزیر اعظم سمیت ریاستی وزیر اعلیٰ اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی شامل ہوں گے۔

دوسری جانب فلم ’پدماوتی‘ پر جاری مظاہروں اور خود کو ملنے والی دھمکیوں کے بعد اداکارہ دپیکا پڈوکون نے جی ای ٹی کانفرنس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق دپیکا پڈوکون کو بھی اس عالمی کانفرنس میں شرکت کرکے ’ہولی وڈ ٹو نولی وڈ ٹو بولی وڈ‘ کے موضوع پر بات کرنی تھی۔

مزیدخبریں