تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خاتمے کا اعلان کیا ہے جبکہ سینییر فوجی کمانڈر نے شام اور عراق میں شدت پسند تنظیم کے خلاف ایرانی کارروائیوں میں لڑتے ہوئے مارے جانے والوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ قوم سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ خطے کے سروں سے اس شیطان کا خطرہ ہٹ گیا ہے یا پھر یہ بہت ہی زیادہ پسپائی میں چلا گیا ہے۔ بے شک بچے کچھے عناصر رہیں گے لیکن اس کی بنیاد اور جڑیں تباہ کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب پاسداران انقلاب کے کمانڈر میجر جنرل قاسم سلیمانی نے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کو ایک خط میں دولت اسلامیہ کی شکست کے بارے میں مطلع کیا ہے۔ رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے میجر جنرل قاسم سلیمانی کو دولت اسلامیہ کو شکست دینے پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ اسرائیل، امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ امریکہ کی ماضی اور حالیہ حکومتوں اور ان حکومتوں جنھوں نے اس گروہ کو بنایا اور ہر ممکن مدد کی کہ مغربی ایشیا میں اپنا اثر و رسوخ بڑھا سکیں کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
یاد رہے کہ شام میں جاری مسلح تصادم ایک نئے باب میں داخل ہو گیا ہے جب حکومتی فوج نے البو کمال پر قبضہ کیا۔ البو کمال آخری اہم قصبہ تھا جو دولت اسلامیہ کے کنٹرول میں تھا۔ البو کمال پر قبضے کے بعد ایرانی میڈیا نے جنرل سلیمانی کی اس علاقے میں تصاویر شائع کی ہیں۔ دوسری جانب عراقی سکیورٹی فورسز نے عراق میں دولت اسلامیہ کے زیر کنٹرول سرحدی علاقے راوہ کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں