رنگون: شمالی میانمار میں جاری تشدد کی وجہ سے تقریبا تین ہزار افراد چین فرار ہو گئے ہیں۔ ان افراد کا کہنا ہے کہ وہ جان بچانے کی غرض سے چین داخل ہوئے ہیں۔ چینی حکومت ان پناہ گزینوں کو فوری مدد فراہم کر رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بائیس نومبر بروز منگل چینی حکومت کے حوالے سے بتایا ہے کہ میانمار کے کم ازکم تین ہزار شہری پناہ حاصل کرنے کی خاطر چین پہنچ چکے ہیں۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق میانمار سے متصل ملکی سرحد پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے کیونکہ شمالی میانمار میں جاری جھڑپوں کے دوران ایک شیل چینی سرزمین پر بھی آ گرا، جس کے باعث ایک چینی شہری زخمی ہو گیا ہے۔
شمالی میانمار میں فوج اور باغیوں کے مابین جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ تازہ اطلاعات کے مطابق اس تشدد کے نتیجے میں کم از کم نو افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔
چینی سرحد سے ملحقہ میانمار کے صوبے شان میں ملکی فوج چار مختلف باغی گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان تازہ جھڑپوں کو آنگ سان سوچی کی طرف سے ملک میں باغیوں کے ساتھ جامع امن ڈیل کی کوششوں کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے منگل کے دن پریس بریفنگ میں بتایا کہ شمالی میانمار میں شورش کی وجہ سے پہلے بھی کئی ہزار میانمار کے شہری چین آ چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ’’جنگ زدہ صورتحال سے بچنے کی خاطر مزید تین ہزار افراد آج چین داخل ہوئے ہیں۔‘‘
چینی میڈیا کے مطابق بیجنگ حکومت انسانی ہمدردی کی بنیاد پر میانمار کے شہریوں کو فوری مدد فراہم کر رہی ہے بلکہ زخمیوں کا علاج بھی کیا جا رہا ہے۔