نیو یارک: امریکا نے شامی فوجی قیادت کو جنگی جرائم کی مرتکب قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف عالمی اداروں میں قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا ہے۔ سلامتی کونسل میں امریکہ کی مستقل مندوبہ سامنتھا پاور نے کہا کہ اسد رجیم کے جن فوجی لیڈروں کے نام لیے جا رہے ہیں، ان میں سے بیشتر کے جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
انہوں نے شامی فوجی جرنیلوں کے خلاف عالمی اداروں میں قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا۔ امریکی مندوبہ نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں شامی فوجیوں کے حوالے سے یہ بیان اس وقت دیا جب شام کی موجودہ صورت حال کے بارے میں کونسل کا اہم اجلاس جاری تھا۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی حلب میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔
اس موقع پر روسی مندوب نے امریکا اور اس کے حامیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ روسی مندوب نے مشرقی حلب میں عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کا غلط اندازہ لگانے اور شامی رجیم کو بلا جواز تنقید کا نشانہ بنانے کا الزام عاید کیا۔