تہران: ایران کی جوڈیشل کونسل کے چیئرمین صادق آملی لاری جانی دسیوں بینک کھاتوں میں کروڑوں ڈالر کی رقم چھپائے ہوئے ہیں۔ جسٹس صادق آملی لاری جانی المعروف صادق لاری جانی اور ان کے بنک کھاتوں پرایک رپورٹ میں روشنی ڈالی ہے۔
صادق لاری جانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے چہتے لیڈروں میں شمار ہوتے ہیں۔ سپریم لیڈر نے انہیں 15اگست2009 کو پانچ سال کے لیے اس عہدے پر فائز کیا۔ آیت اللہ علی خامنہ ای جوڈیشل اتھارٹی کے سربراہ صادق لاری جانی کی کار کردگی سے بہت مثاثر ہوئے اور دعویٰ کیا کہ جسٹس لاری جانی کے دور میں ایران میں عدلیہ نے غیر معمولی ترقی کی۔
لاری جانی کی اسی کارکردگی کو سامنے رکھتے ہوئے خامنہ ای نے انہیں 2014میں مزید اگلے پانچ سال کے لیے جوڈیشل اتھارٹی کے سربراہ کے عہدے پر توسیع دےدی۔ سپریم لیڈر کے چہتے جوڈیشل اتھارٹی کے سربراہ صادق آملی لاری جانی کو ایک عرصے تک سفید پوش سمجھا جاتا رہا۔ چند روز قبل ان کی سفید پوشی کا بھرم اس وقت کھلا جب پتا چلا کہ موصوف کے دسیوں بنک کھاتے ہیں جن میں بھاری رقوم چھپائی گئی ہیں۔