لاہور:ملک میں طویل عرصے سے بارشیں نہ ہونے پر لاہور میں محکمہ زراعت کے ملازمین نے نماز استسقا ادا کی ،جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی ۔ملک میں طویل عرصے سے بارشیں نہیں ہو رہیں اور خشک موسم کے باعث فضا آلودہ ہونے کے ساتھ موسمی بیماریاں بھی پھیل رہی ہیں ۔منگل کو محکمہ زراعت پنجاب کے آفس میں ملازمین اور شہریوں سمیت سیکڑوں افراد جمع ہوئے اور بارش کے لیے نماز استسقا ادا کی ، شرکا ملک میں جاری خشک موسم کے خاتمے اور رحمت باراں کے لیے دعائیں مانگتے رہے ۔شرکا کا کہنا تھا کہ مسلسل خشک موسم کے باعث شہری زکام ، بخار ، کھانسی اور گلے کی خرابی سمیت مختلف موسمی بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ بارشیں نہ ہونے سے فضامیں آلودگی بڑھ رہی ہیجبکہ یہ خشک سالی فصلوں کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔