کراچی:پاکستان دفاعی صنعت کی ترقی کیلئے سرمایہ کاری کررہا ہے۔حکومت سماجی شعبے کی ترقی کیلئے کام کررہی ہے ،حکومت معیشت کو مستحکم بنانے کیلیے پُر عزم ہے، پاکستان میں منافع بخش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں،ملک میں سرمایہ کاری کے لیے فضاسازگارہے،آئیڈیاز نے عالمی سطح پر اپنا مقام حاصل کیاہے۔ ان خیالات کااظہاروزیراعظم نواز شریف نےدفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا افتتاح کرنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے نمائش میں شرکت کرنے والے غیرملکی وفود کوخوش آمدید بھی کہا۔
وزیراعظم نواز شریف پاکستان کی سب سے بڑی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا افتتاح کرنے کیلئے آج کراچی پہنچے ہیں.آرمی چیف سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی تقریب میں شرکت کی.کراچی کے ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 25 نومبر تک جاری رہے گی.نمائش میں 43 ممالک کی 90 وفود شرکت کررہے ہیں جن میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح کی ہیں۔غیر ملکی وفود کی سربراہی ان ملكوں كے وزیر دفاع، ڈیفنس سیكریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف اور حاضر چیفس خود کررہے ہیں ۔دفاعی نمائش میں مجموعی طور پر 261 غیرملكی اور 157 پاكستانی كمپنیاں شریک ہیں ۔جب كہ 34 ممالک كی 418 كمپنیاں نمائش میں اپنی دفاعی مصنوعات پیش كریں گی۔نمائش اور سیمینار میں تینوں مسلح افواج كے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف كمیٹی، وزیر دفاع، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار سمیت دیگر وفاقی وزراء اور وزیر اعلیٰ سندھ بھی شریک ہیں
جب کہ نمائش میں عام شہریوں کو بھی شرکت کی اجازت دی گئی ہے ۔دوسری جانب دفاعی نمائش کے لیے سیکورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے مطابق 2 ایس پیز، 4 ڈی ایس پیز سمیت 2 ہزار پولیس اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہوں گے، سوک سینٹر کے اطراف سڑکیں ٹریفک کے لئے بند رہیں گی جب کہ شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔