جاپان میں 7.3 شدت کا زلزلہ، سونامی کا خطرہ ٹل گیا

08:31 AM, 22 Nov, 2016

ٹوکیو: شمالی جاپان میں 7.3 شدت کے زلزلے کے بعد حکام کی جانب سے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی تاہم چند گھنٹوں بعد حکام نے اعلان کیا کہ سونامیکا خطرہ اب ٹل چکا ہے البتہ سمندر میں اونچی لہریں اٹھنے کا سلسلہ کچھ دیر جاری رہ سکتا ہے۔

فوکوشیما کے شمال میں واقع سینڈائی کے علاقے میں ساڑھے 4 فٹ اونچی لہرین ساحل سے ٹکرائیں جبکہ ملک کے دیگر ساحلی علاقوں میں بھی معمول سے تیز لہریں دیکھی گئیں تاہم کسی قسم کے جانی نقصان کے اطلاعات سامنے نہیں آئیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق  زلزلے کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 10 کلو میٹر زیر زمین تھی اور یہ صبح 5 بجکر 59 منٹ پر آیا۔جبکہ رائٹرز کے مطابق امریکی جیولوجیکل سروے نے پہلے اس زلزلے کی شدت 7.3 بتائی تھی تاہم بعد میں اس میں کمی کرکے 6.9 پر لے آیا تھا۔

قبل ازیں جاپانکے میٹرو لوجیکل ایجنسی نے شدید زلزلے کے بعد فوکوشیما سمیت خطے کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی تھی اور کہا تھا کہ زلزلے کے بعد تقریباً 10 فٹ اونچی سمندری لہریں ملک کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔ ساحل کے قریب رہنے والے شہریوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کردی گئی تھی۔میٹرو لوجیکل ایجنسی کے مطابق ٹوکیو میں محسوس کیے جانے والے زلزلے کا مرکز فوکوشیما کے ساحل سے دور تقریباً 10 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔

مزیدخبریں