اسلام آ باد:صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے پاکستان ون چائنہ اصول کی پاسداری کرتا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے دونوں ممالک کے مابین عوامی تبادلوں کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ون چائنہ
اصول کی پاسداری کرتا ہے، لوگوں کی نقل و حرکت آسان بنانے کے لیے مزید پالیسیوں کی ضرورت ہے۔
اپنے پچھلے دور صدارت میں 9 مرتبہ چین کا دورہ کرنے والے صدر پاکستان نے کہا کہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو مشرق اور چین کی طرف دیکھنے کا کہا تھا۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پالیسیوں کا تسلسل چین کی معاشی کامیابی کی ایک اہم وجہ ہے، پاکستان چین کے ترقیاتی عمل میں مزید شامل ہونے کی امید رکھتا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ 11 سال قبل پاک، چین اقتصادی راہداری کے آغاز کے بعد سے گوادر بندرگاہ میں بہت سے ترقیاتی کام ہوئے، گوادر بندرگاہ پوری دنیا سے ہمیشہ سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گی۔
صدر مملکت نے تائیوان کی آزادی کی کسی بھی شکل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تائیوان چین کا حصہ ہے، اس کے علاوہ کوئی راستہ نہیں، پاکستان ون چائنا اصول کی پاسداری کرتا ہے، جب کہ پاکستان ہمیشہ چین کے ساتھ کھڑا رہے گا اور چین کے بنیادی مفادات کا تحفظ کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چینی زبان کو اپنی لازمی نصاب میں شامل کرنے کے حوالے سے پاکستان مزید سکولوں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔