پشاور:کرغز ستان سے طلبہ کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے،خیبر پختونخوا کا پہلا خصوصی طیارہ بشکیک سے 290طلبہ کو لیکر پشاور پہنچ گیا ۔
بشکیک میں شروع ہونے والی کشیدگی کے بعد کرغزستان میں پھنسے ہزاروں طلباء کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، کرغزستان میں پھنسے طلباء کو لے کر ایک اور پرواز خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور پہنچ گئی ہے۔290 طلباء کو لے کر خصوصی پرواز پشاور کے باچا خان ایئرپورٹ پہنچی۔
صوبائی وزیر تعلیم مینا خان ، ایم این اے فیصل امین گنڈا پور نے استقبال کیا ۔باچاخان ائیرپورٹ پر طلبہ کے والدین اور عزیز واقارب بھی موجود تھے۔صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ طلبہ کی واپسی کیلئے کے پی حکومت نے ریلیف ڈپارٹمنٹ سے بات کی ۔پہلے آئیں پہلے پائیں کے تحت پورے پاکستان کے طلبہ کو ترجیح دی ۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل بھی کرغزستان سے دو پروازوں کے ذریعے 346 طلباء وطن واپس پہنچے تھے، نیو اسلام آباد انٹرنیشنل پر خصوصی پرواز 171 طلباء و طالبات کو لیکر اتری جہاں سینیٹر مصدق ملک نے طلبا کا استقبال کیا، سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر خصوصی ڈیسک اور طلبا کیلئے ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا گیا تھا۔
دوسری پرواز بشکیک سے 175 طلبا کو لے کر لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری جہاں وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے وطن واپس آنے والے طلبا کا استقبال کیا، طلباء نے مفت واپس لانے کے حکومتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہر طالبعلم 90 سے 92 ہزار روپے سفری اخراجات ادا کر کے آیا ہے۔