لاہور: پنجاب اسمبلی میں سپیکر پرویز الہی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد نمٹائے جانے کے بعد اتوار کو ہی مسلم لیگ ن کی جانب سے ان کے خلاف دوبارہ تحریک عدم اعتماد اسمبلی میں جمع کروا دی گئی ہے۔
نیو نیوز کے مطابق یہ تحریک مسلم لیگ ن کے رکن خلیل طاہر سندھو ،میاں رؤف، سمیع اللہ خان اور مرزا جاویدنے جمع کروائی۔
مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما رانا مشہود نے کہا ہے کہ اتوار کو پنجاب اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ غیرقانونی تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین سے انحراف پر پرویز الہی اور اتحادیوں کے خلاف کارروائی بھی ہوگی۔
قبل ازیں پنجاب اسمبلی کے آج ہونے والے ہنگامہ خیز اجلاس میں چیئرمین آف پینل وسیم خان بادوزئی نے تحریک عدم اعتماد کے محرک سمیع اللہ چوہدری کے موجود نہ ہونے پر چوہدری پرویز الٰہی کے خلاف تحریک نمٹا دی تھی۔