چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا مغویہ طالبہ کو آج شام تک بازیاب کرانے کا حکم

لاہور: چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے لاہور میں دن دیہاڑے طالبہ کے اٖغوا کا نوٹس لیتے ہوئے آج شام تک بچی کو بازیاب کرانے کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے گزشتہ روز لاہور کے علاقے شاد باغ سے میٹرک کی 17 سالہ طالبہ کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب کو بچی شام 6 بجے تک بازیاب کروا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے شاد باغ میں گول باغ کے قریب سے میٹرک کی طالبہ کو اپنے بھائی کیساتھ گھر جاتے ہوئے اغوا کیا گیا تھا ، جس پر سی سی پی او نے نوٹس لیا اور پولیس نےملزمان کی گرفتاری اور اندارج مقدمہ کے بعد تفتیش شروع کی تاہم 24 گھنٹے گزرنے کے باوجود بچی کی بازیابی نہ ہو سکی۔ 

یاد  رہے کہ  فلمی انداز میں طالبہ کےاغوا کی سی سی ٹی وی نیو نیوزنے حاصل کر لی تھی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ  طالبہ کو گن پوائنٹ پر کار سوار اغوا کر کے لے گئے ،  واقعے کا مقدمہ مغویہ کے والد کی مدعیت میں تھانہ شاد باغ میں درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر کے مطابق مغویہ طالبہ اپنے بھائی کے ہمراہ میٹرک کا امتحان دے کر واپس گھر جا رہی تھی جب سوزوکی ویگن آر پر سوار 4 ملزمان نے بہن بھائی کا راستہ روک کر دونوں پر پستول تان لی اور بھائی کو دھمکیاں دیتے ہوئے طالبہ کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر اپنے ساتھ لے گئے۔ مغویہ کے  والد نے  اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور بیٹی کی جلد بازیابی کیلئے اقدام اٹھانے کی اپیل کی تھی۔

مصنف کے بارے میں