لاہور: سپیکرپنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے ارکان اسمبلی کو دن 12 بجے اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہی نے ارکان پنجاب اسمبلی کو اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کہ ارکان اسمبلی بارہ بجے پنجاب اسمبلی پہنچیں، دیکھتے ہیں منتخب ارکان کو کون اسمبلی میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔ سپیکر نے مزید کہا کہ حکومتی فسطائیت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، منتخب نمائندوں کو کوئی اسمبلی داخلے سے نہیں روک سکتا۔
علاوہ ازیں پنجاب کی صورتحال پر چودھری شجاعت حسین نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایوان کا تقدس پامال کرنے کے بعد حکومت کے نئے ہتھکنڈے سامنے آرہے ہیں۔
دوسری جانب پولیس نے پنجاب اسمبلی کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، تمام دروازوں پر پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے اور پولیس نے پنجاب اسمبلی کے تمام دروازے بند کر دیئے گئے۔
ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق ملازمین کو بھی اسمبلی سیکرٹریٹ نہیں جانے دیا جا رہا۔