لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان کے نا مناسب بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کی جانب سے نازیبا کلمات کے استعمال پر کچھ نہیں کہوں گی، اچھے اخلاق کی چھوٹے انسان سے توقع نہیں رکھتی ہوں۔
لیگی نائب صدر نے گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے مزید کہا کہ عمران کے نازیبا ریمارکس پر حیرانی نہیں ہوئی، عمران خان میرے والد کی عمر کے ہیں، میں انکی بیٹی کی عمر کی ہوں ، پنجاب کی ماؤں، بہنوں پر حملہ کیا گیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ عمران خان کیخلاف میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے لیکن میں نواز شریف کی بیٹی ہوں، عمران خان کیخلاف کوئی ذاتی حملہ نہیں کرونگی۔ انہوں نے کہا کہ میرے پاس عمران خان کیخلاف سیاسی مواد ہی اتنا زیادہ ہے کہ کسی بھی قسم کے ذاتی حملے کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے دو روز قبل تحریک انصاف کے ملتان جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز کیخلاف بات کرتے ہوئے کہا کہ ’گزشتہ روز مجھے کسی نے ایک ویڈیو کلپ بھیجا جس میں مریم کہیں تقریر کر رہی تھیں اور بار بار اتنے جذبے اور جنون سے میرا نام لے رہی تھیں، جس پر میں مریم سے کہنا چاہتا ہوں کہ مریم دیکھو تھوڑا دھیان کرو جس طرح تم میرا نام لیتی ہو کہیں تمھارا خاوند ہی نہ ناراض ہو جائے۔