لاہور: سرکاری محکموں میں کرپشن روکنے اور شفافیت برقرار رکھنے کیلئے حکومت پنجاب کا اہم قدم سامنے آیا ہے۔سرکاری محکموں کے ایس ڈی اے اکاؤنٹس رواں مالی سال بند کردئیے جائیں گے.
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی کرپشن روکنے کیلئے بینکوں میں سیکڑوں سرکاری اکاؤنٹس بند کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ سرکاری محکموں کے ایس ڈی اے اکاؤنٹس رواں مالی سال بند کردئیے جائیں گے۔ اس حوالے سے محکمہ خزانہ پنجاب نے صوبائی اداروں کو سرکلر جاری کردیا۔
سرکلر کے مطابق صوبائی ادارے اب آسان اسائنمنٹ کے نام سے نئے اکاؤنٹس کھولیں گے۔ نئے اکاؤنٹس کی نگرانی اب وفاقی حکومت بھی کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایات پر پنجاب کے ایس ڈی اے اکاؤنٹس ختم کیے جارہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سنگل ٹریزری (ایک اکاؤنٹ) سے متعلق نوٹس جاری کرتے ہوئے وفاق کی تمام وزارتوں، ڈویژنز، ملحقہ شعبہ جات اور ماتحت دفاتر کو کمرشل بینکوں میں سرکاری اکاؤنٹس بند کرنے کا حکم دیا تھا۔
اسٹیٹ بینک نے اعلامیہ میں کہا تھا کہ تمام وزارتیں اور محکمے کمرشل بینکوں سے رقوم کو اسٹیٹ بینک کے سنٹرل اکاؤنٹ میں منتقل کریں۔ تمام کمرشل بینک 7 دن کے اندر بینک اکاؤنٹ بند کرنے کی کارروائی کریں۔