راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں کی فائرنگ سے 32 سالہ سپاہی شہید ہو گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے دہشتگردوں نے فائرنگ کی۔ دہشتگردوں نے بارڈر پر فوجی پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 32 سالہ سپاہی عمر دراز فائرنگ کے باعث شدید زخمی ہوئے جو بعد ازاں شہادت کے رتبے پر فائز ہو گئے۔ شہید ہونے والے سپاہی کا تعلق جھنگ سے ہے۔
سکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کی فائرنگ کا مؤثر جواب دیا گیا۔ پاکستان دہشت گردوں کی جانب سے افغان سرزمین کے استعمال کی شدید مذمت کرتا ہے۔ پاکستان افغانستان کو مسلسل پاک افغان بارڈر پر مینجمنٹ بہتر کرنے کا کہتا چلا آرہا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 5 مئی کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں سے مقابلے میں کیپٹن سمیت 3 جوان شہید ہوگئے تھے جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے ڈوسالی میں خفیہ اطلاعات پر دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا تھا اور ڈوسالی میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن فہیم، سپاہی شفیع اور سپاہی نسیم شہید ہوئے ہیں۔
5 مئی کو ہی پاک افغان بارڈر پر باڑ تنصیب کرنے میں مصروف ایف سی کے اہلکاروں پر سرحد پار سے دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے حوالدار سمیت 4 جوان شہید جب کہ 6زخمی ہو گئے تھے۔