دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی کے ولی عہد شہزادہ شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
خلیجی خبر رساں ادارے کے مطابق شیخ حمدان کی اہلیہ شیخا بنتِ سعید الثانی المکتوم کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔ انہوں نے ایک بیٹے اور ایک بیٹی کو جنم دیا ہے۔
شیخ حمدان نے پہلے اپنے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ننھے مہمانوں کی آمد کی خبر نیلے اور گلابی پیروں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دی تھی، جب کہ مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر بھی تصویر شیئر کی گئی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر جاری تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ولی عہد نومولود کو ہاتھوں میں اٹھائے پیار بھر نظروں سے دیکھ رہے ہیں۔ شیئر کی گئی تصویر کیساتھ انہوں نے لکھا کہ ہے کہ سب تعریفیں اللہ ہی کیلئے ہیں۔
شیخ حمدان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کی خبر سب سے پہلے ان کی بہنوں شیخہ لطیفہ اور شیخہ مریم نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے دی۔ واضح رہے کہ مئی 2019 میں شیخ محمد بن راشد المکتوم کے تینوں بیٹوں کی شادی ایک ساتھ ہی کی گئی تھی۔