کتوں سے پھیلنے والے نئے کورونا وائرس کا انکشاف

08:12 PM, 22 May, 2021

لاہور: ایک تحقیق میں کتوں سے پھیلنے والے نئے کورونا وائرس کے سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ جانوروں سے پھیلنے والا یہ کورونا وائرس انسانوں کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق تحقیق میں پتہ چلا ہے کہ کورونا وائرس کی یہ نئی قسم 2017ء اور 2018ء میں اسپتال میں زیر علاج نمونیا کے مریضوں میں سامنے آئی تھی اور اگر بطور پیتھوجن اس کی تصدیق ہو گئی تو یہ انسانوں کو متاثر کرنیوالی کرونا وائرس کی آٹھویں قسم ہوگی۔

منگل کو کلینکل انفیکشیس ڈیزیز جرنل میں شائع ہونیوالی تحقیق کے مطابق سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ جانوروں سے پھیلنے والا یہ کورونا وائرس انسانوں کیلئے خطرناک ہوسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملائیشیا کی ریاست سارا واک کے اسپتال سے نمونیا کے 301 مریضوں کے نمونے حاصل کئے گئے، جن میں سے 8 نمونوں میں کینائن کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور ان میں سے اکثریت 5 سال سے کم عمر بچوں کی تھی۔

سائنسدانوں کے مطابق اس وائرس میں ساخت کی تبدیلی کی جینیاتی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے جو اس سے قبل سامنے آنیوالے کینائن وائرسوں میں سامنے نہیں آئی تھی، یہ صلاحیت سارس کوو اور سارس کووو ٹو جیسے وائرسوں میں بھی پائی جاتی تھی اور جو کورونا کی وباء کا باعث بن رہا ہے۔

تحقیق کے مصنفین کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ کیا یہ وائرس انسانوں کو بیمار کرنے کا سبب بن سکتا ہے یا نہیں۔ اس وائرس کی انسانوں کے درمیان منتقلی کی تصدیق کرنے کیلئے مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

ابھی تک کورونا وائرس کی 7 ایسی اقسام سامنے آچکی ہیں جو انسانوں کو بیمار کر سکتی ہیں جبکہ ان میں سے 4 بخار اور زکام کی وجہ بنتی ہیں جبکہ 3 اقسام جان لیوا ہو سکتی ہیں جن میں سارس، مرس اور کووڈ 19 شامل ہیں۔

مزیدخبریں