لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کیساتھ بیٹی کی بات پکی ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ گزشتہ دنوں آپ کی بیٹی اور شاہین آفریدی کے رشتے کی خبریں منظرعام پر آئیں، کیا وہ معاملہ طے ہو چکا اور شاہین شاہ آفریدی آپ کے داماد بنیں گے؟ جس پر شاہد خان آفریدی نے پہلے ’الحمد اللہ‘ کہا اور پھر ’انشاءاللہ‘ کہتے ہوئے اس رشتے کی تصدیق کی۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی میرے قبیلے کے نہیں لیکن ان کے والدین گزشتہ 2 سال سے اس رشتے کی بات کر رہے تھے اور میں نے کافی سوچ بچار کے بعد شاہین شاہ آفریدی کیلئے ہاں کہی، میں اپنی بیٹی کیلئے اس فیصلے پر بہت مطمئن ہوں۔
شاہد آفریدی کا مزید کہنا تھا کہ میری بیٹی ابھی اپنی تعلیم مکمل کر رہی ہے اور ڈاکٹر بننے کی خواہشمند ہے جبکہ میں خود بھی اپنی بیٹیوں کے بہتر مستقبل کیلئے ان کا بھرپور ساتھ دیتا ہوں۔