لاہور، میو ہسپتال میں سیکیورٹی گارڈ نے مریضہ کا آپریشن کر دیا

05:48 PM, 22 May, 2021

لاہور: میو ہسپتال میں سیکیورٹی گارڈ نے 80 سال کی مریضہ کا سرجیکل ٹاور میں آپریشن کر ڈالا اور خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے 2 روز تک گھر میں مریضہ کی پٹی بھی کرتا رہا۔ 

ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 17 مئی کی شام کو خاتون کو پھوڑے کے علاج کیلئے سرجیکل ایمرجنسی میں لایا گیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ غلط آپریشن سے خون بند نہ ہوا لیکن پٹی کر کے گھر بھجوا دیا گیا جبکہ سیکیورٹی گارڈ خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے 2 روز تک گھر میں مریضہ کی پٹی بھی کرتا رہا اور مریضہ کا خون بند نہ ہونے سے حالت بگڑ گئی۔

لواحقین کا کہنا ہے کہ مریضہ کو دوبارہ ہسپتال لایا گیا تو حقیقت سامنے آئی۔ میو پسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر افتخار کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے سیکیورٹی اہلکار وحید بٹ کو پولیس کے حوالے کر دیا اور آپریشن تھیٹر میں ڈیوٹی پر مامور ملازم عثمان بٹ کو معطل کر دیا گیا۔

ڈاکٹر افتخار احمد کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے اور ملزم کی مبینہ مدد کرنے والے اہلکار کے خلاف بھی کارروائی شروع کر دی گئی۔ ایم ایس نے کہا کہ مریضہ کی حالت تشویشناک ہے جس کا علاج کر رہے ہیں۔

وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

مزیدخبریں