لاہور: پاکستانی اداکارہ زویا ناصر اور نو مسلم جرمن ولاگر کرسیٹن بیٹزمن نے ایک دوسرے سے راہیں جدا کر لیں جس کی تصدیق اداکارہ نے خود کر دی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سے میڈیا میں خبریں گردش کر رہی تھیں کہ اداکارہ زویا ناصر اور جرمن ولاگر کرسیٹن بیٹزمن نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر اَن فالو کردیا ہے اور راہیں جدا کرلی ہیں۔ اب اداکارہ نے خود ہی انسٹاگرام پوسٹ میں منگنی ٹوٹنے کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ کچھ مذہبی اور معاشرتی حدود ہیں جن سے کسی طرح سے بھی تجاوز نہیں کیا جا سکتا۔
زویا ناصر نے انسٹاگرام پوسٹ میں منگنی ختم کرنے کی وجہ بیان کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے منگیتر کرسٹین بیٹزمین المعروف کرس بیٹزمین کا ان سے اور ان کے مذہب سے متعلق اچانک رویہ تبدیل ہوا، جس وجہ سے انہوں نے مشکل فیصلہ لیا۔
زویا نے انسٹاگرام پوسٹ میں فالوورز پر واضح کیا کہ وہ کرسٹین بیٹزمین سے شادی نہیں کر رہی ہیں۔ اداکارہ نے وجہ بتاتے ہوئے لکھا ”میری ثقافت ، میرے ملک ، میرے عوام اور میرے مذہب کے بارے میں بے حسی کے حوالے سے اس میں اچانک آنے والی تبدیلی میرے اس مشکل اور اٹل فیصلے کا باعث بنی”۔
اداکارہ نے اس مشکل فیصلے پراپنے جذبات کااظہارکرتے ہوئے مزید لکھا کہ ایک دوسرے کے ساتھ عاجزی ، رواداری اور احترام وہ خوبیاں ہیں جن کا ہمیں ہمیشہ پابند رہنا چاہئے۔ اللہ مجھے اس مشکل سے نمٹنے کیلئےہمت دے ۔ میں کرس کے روشن اور خوشحال مستقبل کی خواہشمند ہوں۔
پوسٹ کے اختتام پر زویا نے درخواست کی کہ اس جذباتی صدمے سے باہرآنے کیلئے انہیں اور ان کی فیملی کو کچھ وقت کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ زویا اور کرسٹن بیٹزمین جلد ہی شادی کا ارادہ بھی رکھتے تھے اور رمضان المبارک میں جوڑی کے دوست شاہویر جعفری نے سرپرائز ڈھولکی کا انعقاد بھی کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستانی اداکارہ زویا ناصر نے حال ہی میں اسلام قبول کرنے والے جرمن وی لاگر اور یوٹیوبر کرسٹن بیٹزمین نے منگنی کی تھی۔
سوشل میڈیا پر دونوں نے ساحل سمندر پر انگوٹھی سمیت تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ زویا ناصر معروف ادیب، فلم کہانی و مکالمہ نویس، نغمہ نگار ناصر ادیب کی بیٹی ہیں۔
زویا پاکستان ٹی وی انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ ہیں جبکہ روزمرہ کے مسائل اور ٹرینڈز پر کھل کر اظہارِ خیال کرنے کی وجہ سے خبروں کی زینت بنی رہتی ہیں۔