لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف اگر برطانیہ میں خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں تو پاکستان آجائیں، حکومت انہیں سیکیورٹی کی مکمل گارنٹی دے گی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس لاہور میں ریسکیو 1122 کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نوا شریف برطانیہ علاج کی غرض سے گئے تھے نہ کہ بیٹوں کے کاروباری دفتر میں مال ٹھکانے لگانے، نواز شریف بتائیں کہ وہ بیٹوں کے دفتر میں کیا کر رہے تھے؟ لندن میں ہونے والے واقعے میں حکومت کو مت گھسٹیں۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) الٹی ہو یا سیدھی، یہ صرف صفر جمع صفر ہے، شہباز شریف بیرون ملک نہیں جاسکے اس لئے اب یہاں مصروفیت ڈھونڈ رہے ہیں، سیاسی ٹریفک نارمل ہونے کی وجہ سے 2023ءتک کوئی حادثہ نہیں ہو گا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، کوئی سیاسی حادثہ نہیں ہونے جا رہا، عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، آئندہ بجٹ میں متوسط اور غریب طبقے کیلئے بڑاریلیف دیں گے۔
نواز شریف پاکستان آ جائیں، حکومت سیکیورٹی کی مکمل گارنٹی دے گی: فردوس عاشق اعوان
04:53 PM, 22 May, 2021