لاہور: فواد چودھری نے کہا ہے کہ ہر خاندان میں چھوٹے موٹے اختلافات ہو جاتے ہیں اور عمران خان کی قیادت میں ہم سب اکٹھے ہیں جبکہ علی ظفر کی رپورٹ پر انہیں اور ہمیں اعتماد ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے جہانگیر ترین گروپ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین گروپ کا مؤقف تفصیل سے سنا اور بنیادی چیزوں پر ہم سب اکٹھے ہیں جبکہ نعمان لنگڑیال اور دیگر افراد سے دوسری نسل کا تعلق ہے اور یہ وہ لوگ ہیں جن کے تجربے سے پارٹی کو استفادہ کرنا چاہیئے، ہمارے درمیان روابط میں بہتری لانے کی ضرورت تھی اور جہانگیر ترین کے معاملات پر پہلے بھی واضح مؤقف رکھا۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ہم سب اکٹھے ہیں اور اپوزیشن کو غلط فہمی ہوجاتی ہے کہ پی ٹی آئی میں اختلافات ہوگیا، امید ہے اب اپوزیشن کی لڈیاں ختم ہو جائیں گی تاہم چاہتے ہیں علی ظفر کی رپورٹ پبلک کی جائے اور رنگ روڈ منصوبے میں پیسے کھائے نہیں بچائے گئے اور صرف عمران خان کی حکومت میں ہوتا ہے کہ معاملات کی تحقیقات ہوتی ہیں۔
قبل ازیں وفاقی وزیر فواد چودھری نے لاہور میں جہانگیر ترین گروپ کے ظہرانے میں شرکت کی۔ ظہرانہ صوبائی وزیر نعمان لنگڑیال کی رہائش گاہ پر دیا گیا۔ ملاقات کے دوران جہانگیر ترین گروپ کے تحفظات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبے کے امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
فواد چودھری نے سعید اکبر نوانی سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے سارے جٹ اکٹھے کر لیے۔ جس پر اجمل چیمہ نے جواب دیا کہ دھماکا ایسے ہونا ہی تھا، آپ کون سا کسی کمزور کی سنتے ہیں۔