اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ جی ڈی پی میں 33 ارب ڈالر کا اضافہ تاریخی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ پرچی چیئرمین کا معیشت پر بھاشن شرمناک ہے۔ کورونا کے باوجود معیشت کی سمت درست ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین کے ہاتھ میں غلط اعدادوشمار کی پرچی پکڑا دی گئی ہے جس میں جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ 3.94 فیصد لگایا گیا ہے جبکہ جی ڈی پی 263 ارب ڈالر سے 296 ارب ڈالر پر پہنچ چکا ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ جی ڈی پی میں 33 ارب ڈالر کا اضافہ تاریخی ہے اور فی کس آمدنی میں بھی 13.4 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ آج کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے جو 20 ارب ڈالرز پر ہمیں دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی کے معاشی ترقی کے دعوؤں کو مسترد کر دیا
انہوں نے کہا کہ برآمدات 25.5 ارب ڈالرز کے تاریخی بلند ترین سطح پر ہونے کی پیشگوئی ہے جبکہ ترسیلات زر میں اضافہ پاکستانیوں کا وزیر اعظم پر اعتماد ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ کورونا کے باوجود وزیر اعظم کے مثبت فیصلوں کی بدولت معیشت کو استحکام ملا ہے جبکہ بھاشن بازی کے بجائے چیئرمین اصل اعدادوشمار پر نظر ڈالیں۔