لاہور: پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ پیاف نے کہا ہے کہ تجارتی خسارے میں اضافہ حکومت کی معاشی اصلاحات کو کھا رہا ہے اور ملکی ترقی کو پنپنے نہیں دے رہا۔ پچھلے دس ماہ میں تجارتی خسارہ پچھلے مالی سال کی نسبت40 فیصد بڑھ چکا ہے جو کہ معاشی ترقی کے لئے خطرے کی گھنٹی ہے ۔
چیئر مین پیاف عرفان اقبال شیخ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تجارتی خسارہ ملکی برآمدات میں اضافہ سے ہی دور ہوگا۔ملکی برآمدات کے مقابلہ میں درآمدات میں اضافہ سے تجارتی خسارہ بڑھتا جارہا ہے۔ برآمدات میں کمی کی دیگر وجوہات کے ساتھ مہنگی بجلی اور بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ بھی ہے اس لیے حکومت بجٹ میں برآمدات میں اضافہ کے ہدف کی تکمیل کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں فوری کمی کا اعلان کرے۔
عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ صنعتکار مہنگی بجلی و گیس سے انٹر نیشنل مارکیٹ میں معاہدے کے مطابق مال سپلائی کرنے سے قاصر ہیں یہی وجہ ہے کہ تجارتی خسارہ دن بدن بڑھتا جا رہا ہے ۔ملکی برآمدات کے فروغ سے ہی تجارتی خسارے کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی قیمتوں میں کمی کیلئے تھرمل منصوبوں کی بجائے ہائیڈل منصوبوں کی طرف توجہ مرکوز کی جائے کیونکہ پن بجلی سستی ترین بجلی کے حصول کا آسان ذریعہ ہے اس لیے حکومت دیگر منصوبوں کے ساتھ ساتھ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کی طرف بھی توجہ مرکوز کریں تاکہ سستی بجلی کا حصول ممکن ہوسکے۔