علیم آغا نے پاکستان اوپن ٹین پین بائولنگ چیمپئن شپ جیت لی

علیم آغا نے پاکستان اوپن ٹین پین بائولنگ چیمپئن شپ جیت لی

اسلام آباد:علیم آغا نے پاکستان اوپن ٹین پین بائولنگ چمپئین شپ جیت لی۔ پاکستان ٹین پین بائولنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام اور لنکس انٹر نیشنل کے تعاون سے پاکستان اوپن ٹین پین تین روزہ بائولنگ چمپئین شپ گزشتہ روزاسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ ایونٹ میں کراچی، پشاور اور اسلام آباد سے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ چمپئین شپ کے آخری روز تمام کیٹگریرز کے فائنلز کھیلے گئے۔ فیصل فیروز نے امیچور ایونٹ عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 327 سکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔

مصور ورک نے 238 سکور کے ساتھ دوسری جبکہ مویز بیگ نے 221 سکور کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ امیچور ایونٹ کے بعد ماسٹر سنگلز کا فائنل کھیلا گیا جس میں علیم آغا نے فتح حاصل کی۔سلیم بیگ دوسرے اور اعجاز الرحمان تیسرے نمبر پر رہے۔ڈبلز ایونٹ علیم آغا اور علی سوریا کے نام رہا۔ سلیم بیگ اور حسین چٹھہ نے دوسری جبکہ اخمرعباس اور ظفر اقبال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹرایز ایونٹ میں اعجاز الرحمان، سلیم بیگ اور ظفر اقبال کی ٹیم نے میدان مار لیا۔ چمپئین شپ کے آخری خواتین کے درمیان مقابلے ہوئے جس کے فائنل میں نادیہ خٹک نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ایونٹ اپنے نام کیا۔شازیہ دوسری جبکہ عمبر تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

چمپئین شپ کے اختتام پر تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں الفلاح ویلفیئر کے صدر جاوید بنگش نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔پاکستان ٹین پین بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اعجاز الرحمان اور الفلاح ویلفیئر کے صدر جاوید بنگش نے جیتنے والے تمام کھلاڑیوں میں کیش انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔سیکرٹری پاکستان ٹین پن بالنگ فیڈریشن اعجاز الرحمان نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ اس چیمپین شپ کا مقصد گراس روٹ لیول کھلاڑیوں کو آگے لانا تھا۔ اس ایونٹ میں پورے ملک سے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی اور الفلاح ویلفیئر کے صدر جاوید بنگش نے تمام جیتنے والے کھلاڑیوں کو مبارک باد دی اور کہا کہ میں تمام کھلاڑیوں کے کھیل سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے بہترین چمپئین شپ کے انعقاد پر فیڈریشن کی محنت کو سراہا۔