لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے چائنہ پاکستان ا کنامک کوریڈورکی شکل میں پاکستان کو ایک انعام اورآگے بڑھنے کا سنہری موقع عطا کیا ہے اوراب اس سے فائدہ اٹھانا ہم سب کی قومی ،سیاسی ،ملی اوردینی ذمہ داری ہے۔سی پیک نا امیدی کو امید اورمایوسیوں کوخوشیوں میں بدلنے کا عظیم منصوبہ ہے۔ہمیں محنت،عزم اورجذبے کام کرتے ہوئے اسے کامیاب بناناہے،یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اورفرض بھی۔پاکستان کی تقدیر بدلنے کے اس قومی منصوبے پرسیاست، بندر بانٹ اوراپنی ڈیڑھ اینٹ کی الگ مسجد بنانے کی کوئی گنجائش نہیں۔اگر ہم نے اس عظیم منصوبے سے فائدہ نہ اٹھایاتو آنے والی نسلیں اورتاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ،اگر ہم نے قومی منصوبوں پر سیاست کھیلی تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہارمقامی ہوٹل میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈکے زیر اہتمام ’’پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ‘‘کے موضوع پرمنعقدہ دوسرے بین الاقوامی سیمینارکے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ صوبائی وزراء ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، چین، ترکی،یورپ،نارتھ امریکہ اوردیگر26ممالک کے مندوبین، سرمایہ کاروں،صنعتکاروں اورسفارتکاروں نے سیمینار میں شرکت کی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سمینار کے انعقاد پر متعلقہ وزراء،اداروں اورمنتظمین کاتہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اورامید کرتا ہوں کہ یہ ایونٹ پنجاب میں سرمایہ کاری کے فر وغ کے حوالے سے اہم کرداراداکرے گا۔انہوں نے کہا کہ نومبر 2015ء میں اسی موضوع پر پہلا سیمینار منعقدکیاگیاتھاجوانتہائی کامیاب رہا تھااوراس کے نتیجے میں ملکی اورغیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ کارہمارے ماسٹرز ہیں کیونکہ ان کی سرمایہ کاری کے باعث ملک میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں بڑھتی ہیں ،روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوتے ہیں ،سرمایہ کاری غربت اوربے روزگار ی مسائل پر قابو پانے میں سود مندثابت ہوتی ہے ۔