بیجنگ: چین میں شادیاں کرنے والے پاکستانی مشکلات کا شکار ہو گئے۔ چینی حکام نے درجنوں پا کستانیوں کی بیویوں کو حراست میں لے لیا ۔بیویوں کو رہا کرانے کے چکر میں پاکستانی خوار ہو گئے۔ پاکستانی سفارت خانے سے رجوع کیا تو سفارتی مدد بھی تاحال نہ مل سکی۔
تفصیلات کے مطابق چین میں شادیاں کرنے والے درجنوں پاکستانیوں کی بیویوں کو چینی پولیس نے گرفتار کر رکھا ہے۔ ان میں سے بیشتر وہ خواتین ہیں جو شادی کے بعد پاکستان آئیں لیکن چین واپسی پر انہیں جیل میں ڈال دیا گیا۔ چین میں بیویوں کی رہائی کیلئے مارے مارے پھرتے پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ ان کے بچے ماؤں کے انتظار میں ہیں۔
گود میں کم سن بچہ اٹھائے غلام درانی کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی پاکستان میں ہے،بیوی چین آئی تو اسے گرفتار کیا گیا،اب تک رہا نہ ہو سکی۔ مرزاعمران بیگ نامی پاکستانی کا کہنا ہے کہ ان کی بیوی بھی جیل میں ہےسفارتی مدد نہیں ملی۔پاکستانیوں کا کہنا ہے کہ بیویوں کو پاکستانی شہریت دلانا چاہتے ہیں تو اس میں بھی چینی حکام رکاوٹ ڈالتے ہیں،ان پاکستانیوں نے اپنی چینی بیویوں کی رہائی کیلئے حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے ۔