پی آئی اے کی اسلام آباد سے لندن جانیوالی پرواز سے 20 کلو ہیروئن برآمد

03:19 PM, 22 May, 2017

اسلام آباد: ایک معاملہ سلجھا نہیں دوسرا درپیش آ گیا۔ بے ںظیرانٹرنیشنل ایئر پورٹ سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 785 لندن روانگی کے لیئے تیار ہی تھی کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اور ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس نے ہنگامی طور پر کارروائی کرتے ہوئے جہاز کو روک لیا۔ متعلقہ اداروں اور انجینیئرز نے جہاز کی اسکیننگ کی تو کیٹرنگ کے سامان میں چھپائی گئی 20 کلو ہیروئین برآمد ہوئی جس کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے۔

ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ طیارہ صبح ساڑھے 10 بجے پیرس سے اسلام آباد پہنچا تھا اور اب وہ لندن جا رہا تھا۔ ترجمان کے مطابق اسلام آباد سے لندن کی پرواز پی کے 785 کواے این ایف نے کلیئر قرار دے دیا ہے اور مسافروں کی بورڈنگ شروع ہوچکی ہے۔

یاد رہے گزشتہ دنوں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ پاکستان کی قومی فضائی کمپنی پی آئی اے کے طیارے سے لندن ہیتھرو ہوائی اڈے پر ہیروئین برآمد ہوئی تھی۔ ایجنسی نے بیان میں مزید دعویٰ کیا تھا کہ اس حوالے سے کوئی بھی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور صرف تفتیش جاری ہے۔

قومی ایئر لائن کے ترجمان مشہود تاجور نے ہیتھرو ایئرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسلام آباد سے لندن جانے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے-785 پیر کی دوپہر 2 بج کر 50 منٹ پر ہیتھرو ایئرپورٹ پہنچی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں