لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ عمر اکمل فٹنس مسائل کے باعث چیمپئنز ٹرافی میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر قومی ٹیم انضمام الحق کا کہنا تھا کہ عمر اکمل پاکستان کپ سے قبل فٹ تھے لیکن ٹیم مینجمنٹ ہر سیریز سے پہلے ہر کھلاڑی کا فٹنس ٹیسٹ لیتی ہے اور جب برمنگھم میں چیمپئنز ٹرافی کے لئے لگائے کیمپ میں عمر اکمل کا 2 بار ٹیسٹ لیا گیا تو وہ دونوں بار فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہوئے اس لیے انہیں انگلینڈ سے وطن واپس بھیجا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر اکمل آسٹریلیا ٹور میں بھی فٹ نہیں تھے انہیں فٹنس پر توجہ دینا ہو گی۔ انضمام الحق نے کہا کہ حارث سہیل اور عمر امین نے پاکستان کپ میں پرفارم کیا ہے ان کے نام سلیکشن کے لئے زیر غور ہیں اور ان دونوں کھلاڑیوں میں سے کسی ایک کو عمر اکمل کی جگہ چیمپینز ٹرافی کے لیے بھیجا جائے گا۔
یاد رہے حارث سہیل کی دو سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کے امکانات روشن ہیں۔ مڈل آرڈر بلے باز نے پاکستان کپ میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں