کراچی: اپنے کیرئیر کا آخری دورہ مکمل کرنے کے بعد لیجنڈ کرکٹر یونس خان کراچی پہنچ گئے ہیں۔ سینیٹر شاہی سید نے کارکنوں کے ہمراہ سٹار بیٹسمین کا استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچاور کی گئیں۔ اس موقع پر ایئر پورٹ زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔
یونس خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 10 ہزار رنز بنانے والا پہلا پاکستانی ہوں اس پر فخر ہے جبکہ مجھے اتنی عزت اور پذیرائی ملی ہے اس پر اپنے عوام کا شکر گزار ہوں۔
یونس خان نے بتایا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں اور ریٹائر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ کرکٹ چھوڑ دوں بلکہ کرکٹ کے لیے اپنی خدمات انجام دیتا رہوں گا۔
یاد رہے یونس خان نے دس ہزار رنز مکمل کرنے کا کارنامہ اپنے کیرئیر کی آخری سیریز میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سرانجام دیا۔ پاکستان کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے 26 فروری سن 2000 کو اپنے کیریئر کا پہلا ٹیسٹ سری لنکا کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا اور اپنے پہلے ہی میچ کی دوسری اننگز میں ساتویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے انھوں نے 107 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ اس کے علاوہ انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ٹرپل سنچری اور پانچ ڈبل سینچریاں بھی سکور کی ہیں جبکہ دو مرتبہ وہ 190 سے زائد سکور کرنے کے بعد ڈبل سینچری مکمل نہ کر سکے۔
ان کا سب سے زیادہ سکور 313 ہے جو انھوں نے 2009 میں سری لنکا کے خلاف کیا۔ یہ سکور پاکستان کی جانب سے کسی بھی کھلاڑی کا تیسرا سب سے زیادہ سکور ہے۔ پہلے نمبر پر حنیف محمد ہیں 337 رنز کے ساتھ اور دوسرے نمبر پر انضمام الحق 329 رنز کی اننگز کے ساتھ ہیں۔ یونس خان نے پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انھوں نے انضمام الحق کا سب سے زیادہ 25 سینچریوں کا ریکارڈ بھی توڑا۔
یونس خان اپنے ٹیسٹ کیریئر میں صرف ایک ہی بار 'نروس نائنٹیز' کا شکار ہوئے جب وہ 2001 میں نیوزی لینڈ کے خلاف آکلینڈ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 91 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تھے تاہم اسی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں انھوں نے 149 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ یونس خان کرکٹ کی تاریخ کے واحد بیٹسمین ہیں جنھوں نے تمام ٹیسٹ پلیئنگ نیشنز سمیت 11 ممالک میں سینچریاں کی ہیں۔
یونس خان نے 13 فروری 2000 کو بین الاقوامی کریئر کا آغاز کراچی میں سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز سے کیا جہاں انھوں نے 46 رنز بنائے تھے۔ یونس خان نے 265 ایک روزہ میچ کھیل کر 7249 رنز بنائے ہیں جن میں سات سینچریاں اور 48 نصف سینچریاں شامل ہیں۔ ایک روزہ کرکٹ میں ان کا بہترین سکور 144 رنز ہے جو انھوں نے کولمبو میں ہانگ کانگ کے خلاف 2004 میں بنایا تھا۔ یونس خان نے نومبر 2015 میں آسٹریلیا کے خلاف متحدہ عرب امارات میں ایک روزہ سیریز کے دوران ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں