موجودہ حکومت کے اقتدار میں ہی مسئلہ کشمیر کا مستقل حل نکالا جائیگا، راج ناتھ سنگھ

12:37 PM, 22 May, 2017

سرینگر :بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ ہے موجودہ حکومت کے اقتدار میں ہی مسئلہ کشمیر کا مستقل حل نکالا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ اب پاکستان کے بدلنے کا انتظار نہیں کیا جائیگا ۔

سنگھ نے کہا کہ کشمیر ہمارا ہے ، کشمیری ہمارے ہیں، کشمیریت ہماری ہے اور ہم ہی کشمیر کے مسئلے کا حتمی حل نکالیں گے ۔مقبوضہ کشمیر میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے دعوی کیا کہ بھاجپا کی سربراہی والی موجودہ این ڈی اے حکومت مسئلہ کشمیر کا مستقل حل تلاش کرنے میں کامیاب ہوجائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں وکشمیر میں عدم استحکام کیلئے کوشاں رہتا ہے لیکن میں آپ لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں کہ ہماری حکومت مسئلے کا ایک پائیدار اور حتمی حل نکالنے میں کامیاب ہوجائیگی ۔

تاہم راج ناتھ سنگھ نے اس کی وضاحت نہیں کی کہ آخر کشمیر مسئلے کا حل کیا ہوگا اور اس 70سالہ پرانے مسئلے کو کن بنیادوں پر حل کیا جائیگا ۔ راج ناتھ سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کشمیر میں حالات بگاڑنے کیلئے اب بھی سرگرم ہے اور وہ کشمیر میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے امن و امان کی صورتحال بگاڑنے میں کبھی پیچھے نہیں رہتا ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کیلئے موجودہ مرکزی حکومت نے کئی مرتبہ پہل کی لیکن اسلام آباد کی جانب سے مثبت جواب نہیں دیا گیا ۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ 2014کے تاریخ ساز پارلیمانی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم نریندرا مودی نے کئی ہمسایہ ممالک بشمول پاکستان کے سربراہان مملکت و حکومت کو اپنی حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کیلئے مدعو کیا تاکہ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جاسکے لیکن پاکستان کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی بلکہ وہ بھارت میں عدم استحکام پیدا کرنے کی اپنی پالیسی پر کاربند رہا ۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ پاکستان کے رویہ میں تبدیلی آئیگی اور وہ اپنا بھارت مخالف ایجنڈا چھوڑ دے گا لیکن ایسا نہیں ہوا ۔ انہوں نے پاکستان کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اگر ہمسایہ ملک نے بھارت کیلیے اپنے وطیرے میں تبدیلی نہیں لائی تو ہم ان کو تبدیل ہونے پر مجبور کریں گے ۔ مرکزی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آج دنیا کا کوئی ملک دوسرے کو کمزور نہیں کر سکتا کیونکہ ایسا کرنے والے کو عالمی برادری کبھی معاف نہیں کرے گی۔

مزیدخبریں