خیبر ایجنسی: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقے اکاخیل میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکا ہوا ہے۔ دھماکے میں 5 افراد کے جاں بحق اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ امدادی ٹیموں نے زخمیوں کو قریبی ہسپتال میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے دھماکا امن کمیٹی کی گاڑی کے قریب ہوا اور دھماکے کے نتیجے میں گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
گزشتہ دنوں چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے مختلف علاقوں میں یکے بعد دیگرے 5 دھماکے گھروں اور سکول کے باہر کیے گئے۔ دھماکوں میں خواتین اور بچوں سمیت 14 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
یاد رہے رواں سال فروری میں بھی دہشت گردوں نے چارسدہ میں ضلع کچہری کو نشانہ بنایا تھا۔ اس حملے میں سات شہری شہید اور پولیس نے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔
اس سے پہلے جنوری میں چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملہ کیا گیا تھا جس میں طلبہ اور اساتذہ سمیت 20 سے زائد افراد شہید ہو گئے تھے جبکہ پاک فوج کے بروقت آپریشن سے 4 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں