ماونٹ ایورسٹ کی چٹان”ہلیری سٹیپ“ تباہ،کوہ پیماﺅں کیلئے مزید خطرات پیدا ہو گئے

11:46 AM, 22 May, 2017

لندن: دنیا کی بلند ترین چوٹی ماونٹ ایورسٹ پر موجود مشہور چٹان ”ہلیری سٹیپ“ تباہ ہو گئی ہے جس کی وجہ سے یہ چوٹی کوہ پیماوں کے لیے مزید خطرناک ہو گئی ہے۔کوہ پیماوں کا کہنا ہے کہ ہلیری سٹیپ ممکنہ طور پر 2015 میں نیپال میں آنے والے تباہ کن زلزلے کی وجہ سے تباہ ہوا ہے۔یہ ماونٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پہنچتے ہوئے جنوب مشرق کی جانب 12 میٹر لمبی افقی چٹان ہے۔

اس چوٹی کو یہ نام سر ایمونڈ ہلیری کی وجہ سے دیا گیا تھا جنھوں نے 1953 میں سب سے پہلے اس چوٹی کو فتح کیا تھا۔برطانوی کوہ پیما ٹم موسیڈیل نے اس خبر کی تصدیق 16 مئی کو کی۔ برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو میں انھوں نے بتایا کہ اس حصے کا تباہ ہو جانا ایک عہد کا خاتمہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایورسٹ کی تاریخ سے جڑا تھا۔

مئی 2016 میں امریکن ہمالین فاونڈیشن کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی تصاویر میں دیکھا گیا تھا کہ ہلیری نامی چٹان نے اپنی شکل تبدیل کی تھی۔اس مرتبہ کم برفباری ہوئی ہے جس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ وہ چٹان اب نہیں رہی۔
کوہ پیما موسلیڈ نے فیس بک پر لکھا کہ گذشتہ برس وہ اس حصے پر چڑھے تھے تاہم اس وقت شدید برفباری کی وجہ سے یہ واضح نہیں ہو سکا تھا کہ یہ چٹان ختم ہو چکی ہے۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ چٹان کا حصہ جسے ہلیری سٹیپ کا نام دیا گیا تھا اب موجود نہیں ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں