رمضان کی آمد،بھارتی انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس افطاری فراہم کرے گی

11:28 AM, 22 May, 2017

لکھنو:رمضان کی آمد آمد ہے۔ مسلمانوں نے کتنی تیاریاں کی ہیں یہ تو معلوم نہیں لیکن سخت گیر ہندو تنظیم آر ایس ایس افطار لے کر تیار ہے۔آر ایس ایس کی مسلم ونگ نے کہاہے کہ وہ اترپردیش میں رمضان کے ہر جمعے کو افطار کا انتظام کریں گے۔لیکن افطار میں صرف گائے کا دودھ یا اس کے دودھ سے بنی ہوئی اشیا ہوں گی تاکہ گھر گھر گائے بچاو کا پیغام جائے اور اس کے ساتھ یہ بھی پیغام جائے کہ گائے کا گوشت بیماریوں کو دعوت دیتا ہے۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق آر ایس ایس کے مسلم ونگ مسلم راشٹریہ منچ (ایم آر ایم) کے اترپردیش اور اتراکھنڈ ریاستوں کے قومی شریک کنوینر مہیراج دھوج سنگھ نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہوگا کہ روزے دار گائے کے دودھ کے ایک گلاس سے اپنا افطار کریں گے۔دھوج سنگھ نے بتایاکہ افطار میں زور گائے کے دودھ اور دودھ سے بنی دوسری اشیا پر ہوگا۔ اور پہلی بار ایسا ہوگا کہ اتر پردیش میں اس قسم کے افطار کا انتظام ہوگا۔گائے کے دودھ کے فوائد کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ مسلم سکالرز بھی گائے کے دودھ کو صحت کے لیے مفید اور اس سے بنے گھی کو طبی لحاظ سے سود مند قرار دیتے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ اس کے برعکس گائے کا گوشت بہت سی بیماریوں کو دعوت دیتا ہے۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ رمضان میں خصوصی نماز کا اہتمام کیا جائے گا جس میں گائے کے تحفظ کے لیے اپیل کی جائے گی۔رمضان میں نمازوں کا اہتمام ہوگا اور اس میں محبت، اخوت اور بھائی چارے کو پھیلانے کی بات کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ ایم آر ایم کے رضاکار محبت اور اخوت کو پھیلانے کی قسم لیں گے: 'چلیے ہم ایک خوشحال بھارت کی تعمیر کریں۔

ہم عہد کریں کہ ایوادھیا کے جاری تنازع کو ہم باہمی رضامندی کے ساتھ حل کر لیں کے۔لکھنو میں پسماندہ مسلم سماج تنظیم کے صدر نے اس پیش قدمی خیر مقدم کیا ہے۔

مزیدخبریں