لاہور:پاکستان ریلوے نے عیدالفطر کے موقع پر عوام کی سہولت کے لئے پانچ عید سپیشل ٹرینوں کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ وزارت ریلوے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، یہ ٹرینیں عید کے دنوں میں مسافروں کو محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم کرنے کے لیے چلائی جائیں گی۔
پہلی سپیشل ٹرین 26 مارچ کو کراچی کینٹ سے ملتان، ساہیوال، لاہور کے راستے روانہ ہوگی۔ دوسری سپیشل ٹرین 26 مارچ کو کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی۔ تیسری سپیشل ٹرین 27 مارچ کو لاہور سے ملتان اور کراچی کے لئے روانہ ہوگی۔ چوتھی ٹرین 27 مارچ کو کراچی سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی، جو فیصل آباد، سرگودھا اور لالاموسیٰ سے ہوتی ہوئی راولپنڈی پہنچے گی۔ پانچویں سپیشل ٹرین 28 مارچ کو کراچی کینٹ سے ملتان، فیصل آباد اور لاہور کے راستے روانہ ہوگی۔
تمام ٹرینیں اکانومی، اے سی بزنس اور اے سی سٹینڈرڈ کلاس پر مشتمل ہوں گی۔ ریلوے حکام نے مسافروں کو آگاہ کیا ہے کہ عید سپیشل ٹرینوں پر کرایوں میں کمی کا اطلاق نہیں ہوگا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عید کے بعد معمول کی ٹرینوں کے کرایوں میں 20 فیصد کمی کی جائے گی، تاہم یہ کمی عید اسپیشل ٹرینوں پر لاگو نہیں ہوگی۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا کہ عید کے دوران کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور افسران و عملے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اگر کسی سے غفلت ہو۔