اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ارتھ آور 2025 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی اس عالمی مہم میں حصہ لے کر ماحولیاتی تحفظ کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کر رہی ہے۔
سپیکر ایاز صادق نے کہا کہ ارتھ آور صرف ایک گھنٹے کے لیے بجلی بند کرنے کا نام نہیں، بلکہ یہ زمین کے تحفظ کے لیے ہمارے مشترکہ عزم کی علامت ہے، جو سرحدوں، سیاست اور عقائد سے بالاتر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر سال کی طرح، اس سال بھی پاکستان کی قومی اسمبلی ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تعاون سے پارلیمنٹ ہاؤس کی غیر ضروری روشنیاں ایک گھنٹے کے لیے بند کرے گی تاکہ کرہ ارض کے تحفظ کے لیے یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔
آج، 22 مارچ 2025 کو، رات 8:30 سے 9:30 تک پارلیمنٹ ہاؤس کی غیر ضروری روشنیاں بند کی جائیں گی تاکہ عوام میں ماحولیاتی مسائل کے حوالے سے آگاہی پیدا کی جا سکے۔
سپیکر نے کہا کہ اس ایک گھنٹے کی چھوٹی سی کوشش سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ انفرادی اقدامات بھی بڑی تبدیلی کی بنیاد بن سکتے ہیں، اور چھوٹے اقدامات عالمی سطح پر اہم تبدیلی لا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جو اپنے قدرتی وسائل اور متنوع ماحولیاتی نظام سے مالا مال ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، اس لیے اس بحران سے نمٹنے کے لیے فوری حکمت عملی اور عملی اقدامات ضروری ہیں۔