اسلام آباد: اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر ٹریفک کے انتظامات کے لیے روٹ پلان تشکیل دے دیا ہے۔ پولیس نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ 22 مارچ 2025 دوپہر 12 بجے سے 23 مارچ 2025 سہ پہر 3 بجے تک اسلام آباد میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ بند رہے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق، 23 مارچ کو صبح 6 بجے سے دن 1 بجے تک سری نگر ہائی وے، سیونتھ ایونیو سے کوڑیانوالہ چوک تک آنے جانے والی ٹریفک کو بند کر دیا جائے گا، اور بہارہ کہو جانے والی ٹریفک کو سیونتھ ایونیو سے پاک چائنہ روڈ، راول ڈیم چوک، کشمیر چوک اور کلب روڈ سے گزارا جائے گا۔
اس کے علاوہ، پشاور سے لاہور جانے والی ہیوی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹر وے اور ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹر وے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ لاہور جی ٹی روڈ سے اسلام آباد آنے والی ہیوی ٹریفک کو چک بیلی روڈ سے چکری موٹر وے کا استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
سی ٹی او کیپٹن ذیشان نے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی پریشانی کی صورت میں ٹریفک ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں، اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پولیس مختلف مقامات پر شہریوں کی رہنمائی کے لیے موجود رہے گی۔