واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ’سکستھ جنریشن جنگی طیارے‘ کی تیاری کا اعلان کیا ہے جس کا نام ’ایف-47‘ رکھا گیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اس طیارے کی خصوصیات دنیا کے کسی بھی طیارے سے مختلف ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایف-47 کی رفتار، ہتھیاروں کی صلاحیت اور دیگر خصوصیات ایسی ہوں گی جو دنیا کے کسی بھی طیارے سے آگے ہوں گی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس طیارے کی تیاری کا معاہدہ امریکی کمپنی بوئنگ کو دیا گیا ہے، تاہم اس کی مکمل لاگت کا ابھی تک کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔ امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق یہ طیارہ تاریخ کا سب سے مہنگا طیارہ ہو سکتا ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ایف-47 کے تجرباتی ماڈل گزشتہ پانچ سالوں سے خفیہ پروازیں کر رہے ہیں، اور اس طیارے کا مقصد امریکا کے فضائی غلبے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ ان کے مطابق ایف-47 امریکی اتحادیوں کو یہ پیغام دے گا کہ امریکا عالمی طاقت کے طور پر اپنی موجودگی برقرار رکھے گا۔