اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل کا حل صرف اور صرف جمہوری طریقے سے ممکن ہے۔
نواز شریف سے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میاں محمد رؤف عطا اور صدر بلوچستان ہائیکورٹ بار نے ملاقات کی۔ میاں رؤف عطا نے اس ملاقات میں نواز شریف سے درخواست کی کہ وہ سیاسی قائدین اور بلوچستان کے رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کریں تاکہ صوبے کے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔
اعلامیے کے مطابق، نواز شریف نے بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جمہوری طریقے سے ہی بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن کی بحالی کے امکانات روشن ہیں۔ انہوں نے بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کی اور صوبے کے عوام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کا عہد کیا۔
نواز شریف نے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ وہ جلد بلوچستان کا دورہ کریں گے اور وہاں کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔